نیویارک: (ویب ڈیسک ) نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیرصحت کیلئے رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر کو نامزد کیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ 20 جنوری کو امریکا کے 47 ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے تاہم حلف اٹھانے سے قبل ہی ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے دوسرے دور صدارت کے لیے اہم عہدوں پر نامزدگیاں کر دی ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق نومنتخب امریکی صدر نے وزیرصحت کیلئے رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر کو مقرر کیا ہے ، رابرٹ ایف کینیڈی امریکا کے صدر بننے کی دوڑ میں شامل تھے لیکن آخری لمحات میں ڈونلڈ ٹرمپ کے حق میں دستبردار ہوگئے تھے۔
علاوہ ازیں رابرٹ ایف کینیڈی نے ری پبلکن رہنما کی ریلیوں سے بھی خطاب کیا تھا۔
اس سے قبل ٹرمپ نے ری پبلکن سینیٹر مارکو روبیو کو سیکرٹری خارجہ ، سابق ڈائریکٹر نیشنل انٹیلیجنس جان ریٹکلیف کو امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کا ڈائریکٹر نامزد کیا ہے۔
8 نومبر کو ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کی منیجر سوزی وائلز کو اپنا چیف آف سٹاف مقرر کر دیا تھا۔
واضح رہے کہ صدارتی انتخابات میں ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کا ڈیموکریٹک امیدوار کملا ہیرس سے مقابلہ ہوا تھا جس میں ٹرمپ نے بڑی کامیابی حاصل کی ۔