واشنگٹن : (ویب ڈیسک ) ڈونلڈ ٹرمپ نے 27 سالہ کیرولین لیویٹ کو وائٹ ہاؤس کی ترجمان نامزد کیا ہے ،وہ وائٹ ہاؤس کی کم عمر ترین ترجمان ہوں گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی میڈیا کا بتانا ہے کہ کیرولین لیویٹ ڈونلڈ ٹرمپ کے روز مرہ امور سے متعلق میڈیا کو آگاہ کریں گی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ذاتی وکلا کو محکمہ انصاف میں اعلیٰ عہدوں پر تعینات کرنے کا ارادہ کر رکھاہے، ٹرمپ کے یہ وکلا ان کی کرمنل ڈیفنس ٹیم کا حصہ رہے ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق نومنتخب صدر نے یہ اقدام کیا تو اس سے محکمہ انصاف سیاست کی نذر ہونے کا خدشہ ہے، اس سے قبل ٹرمپ نے جنوبی ڈکوٹا کی گورنر کرسٹی نوم کو بطور سیکرٹری ہوم لینڈ سکیورٹی منتخب کر لیا ہے۔
قبل ازیں ڈونلڈ ٹرمپ وزیرصحت کیلئے رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر ، ری پبلکن سینیٹر مارکو روبیو کو سیکرٹری خارجہ ، سابق ڈائریکٹر نیشنل انٹیلیجنس جان ریٹکلیف کو امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کا ڈائریکٹر نامزد کرچکے ہیں ۔
واضح رہے کہ انتخابات میں کامیابی کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ 20 جنوری کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔