ڈونلڈ ٹرمپ نے سرفہرست 15 عہدوں کیلئے انتخاب مکمل کرلیا

Published On 25 November,2024 08:03 pm

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) ڈونلڈ ٹرمپ نے صرف تین ہفتوں میں اعلیٰ عہدوں کیلئے اسٹیبلشمنٹ اور غیر روایتی عہدے داروں کی ایک صف کا انتخاب کرتے ہوئے اپنی کابینہ کے اندر سرفہرست 15 عہدوں کیلئے اپنے انتخاب کو مکمل کرلیا۔

سابق فٹبالر وزیر ہاؤسنگ اور شہری ترقی، سابق پادری وزیر سابق فوجی امور، نائن الیون حملوں میں اپنے بھائی سمیت 658 ملازمین کو کھونے کے بعد بچ جانے والے وزیر کامرس ہوں گے۔

امریکی میڈیا کے مطابق فاکس نیوز کے دو میزبان وزیر دفاع اور وزیر ٹرانسپورٹیشن ہوں گے، کتے کی قاتل اورکووڈ 19 کے دوران ماسک پہننے کا حکم جاری نہ کرنے والی وزیر ہوم لینڈ سیکورٹی ہوں گی، سابق ریسلر وزیر تعلیم، امیر ترین ارب پتی سیاستدان وزیر داخلہ ہوں گے۔

رابرٹ ایف کینیڈی، جونیئر وزیر صحت اینڈ ہیومن سروسز

سابق ڈیموکریٹ اور سابق صدارتی امیدوار رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر ٹرمپ کی کابینہ میں محکمہ صحت اینڈ ہیومن سروسز کے سربراہ ہوں گے۔

لوری شاویز ڈی ریمر وزیر محنت

ٹرمپ نے اوریگون سے لوری شاویز ڈی ریمر کو محکمہ محنت کے اگلے وزیر کے طور پر منتخب کیا، شاویز کو واشنگٹن میں سب سے زیادہ مزدور دوست ریپبلکن سمجھا جاتا ہے اور کانگریس کے ان چند ممبران میں سے ایک ہیں جنہوں نے پروٹیکٹنگ دی رائٹ ٹو آرگنائز (پی آر او) ایکٹ کو شریک اسپانسر کیا۔

سکاٹ بیسنٹ وزیر خزانہ

ٹرمپ نے انوسٹمنٹ فرم کے سکوائر گروپ کے بانی اور فیڈرل ریزرو کی سیاسی نگرانی کے پرجوش پروموٹرا سکاٹ بیسنٹ کو وزیرخزانہ نامزد کیا، 62 سالہ سکاٹ بیسنٹ کا شمار ارب پتی سرمایہ کاروں میں ہوتا ہے، وہ امریکا کی تاریخ کے پہلے ہم جنس پرست وزیرِ خزانہ ہوں گے۔

مارکو روبیو وزیر خارجہ

کیوبا سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن کے بیٹے مارکو روبیو ٹرمپ کی آئندہ انتظامیہ میں وزیر خارجہ ہوں گے۔ امریکی ریاست فلوریڈا سے تعلق رکھنے والے سینیٹر مارکو روبیو ماضی میں ٹرمپ کے سخت ناقد رہ چکے ہیں۔

پیٹ ہیگستھ وزیر دفاع

ٹرمپ نے امریکی وزیر دفاع کے لیے ایک اعزاز یافتہ سابق فوجی اورفاکس نیوز کے سابق میزبان، پیٹ ہیگستھ کو نامزد کیا ہے، پرنسٹن یونیورسٹی سے 2003میں گریجوایشن کرنے کے بعد وہ آرمی نیشنل گارڈ میں انفنٹری افسر کے طور پر شامل ہوئے۔ انہوں نے ہارورڈ یونیورسٹی سے پبلک پالیسی میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔

پام بوندی وزیر انصاف

فلوریڈا کی سابق اٹارنی جنرل پام بوندی کو میٹ گیٹز کے دستبردار ہونے کے بعد انصاف کا قلمدان سنبھالنے کے لیے منتخب کیا گیا ہے، پام سے پہلے اس عہدہ کے لیے سابق رکن پارلیمنٹ میٹ گیٹز کو نامزد کیا گیا تھا لیکن انہوں نے اپنا نام واپس لے لیا، دراصل مبینہ جنسی الزامات میں نام آنے پر میٹ گیٹز کو ڈیموکریٹک پارٹی کے ساتھ ہی اپنی ریپبلکن پارٹی کی بھی سخت مخالفت کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا، اس لیے انہوں نے اپنے قدم پیچھے کھینچ لیے۔

ڈوگ برگم وزیر داخلہ

نو منتخب امریکی صدر نےڈوگ برگم کو وزیر داخلہ نامزد کیا ہے وہ تاجر اور سیاست دان ہیں جو 2016 سے نارتھ ڈکوٹا کے 33ویں گورنر کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے۔ وہ امریکا کے سب سے امیر ترین سیاستدانوں میں سے ہیں اور ان کی مجموعی دولت ایک ارب 10 کروڑ ڈالر ہے۔

بروک رولنز وزیر زراعت

ٹرمپ نے امریکا فرسٹ پالیسی انسٹی ٹیوٹ کی سی ای او اور صدر بروک رولنز کو وزیرِ زراعت نامزد کیا، رولنز، جو گلین روز، ٹیکساس میں ایک فارم پر پلی بڑھی، رولنز نے ٹرمپ انتظامیہ کے پہلے دور میں آفس آف امریکن انوویشن کے ڈائریکٹر اور ڈومیسٹک پالیسی کونسل کے قائم مقام ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دیں۔

ہاورڈ لوٹنک وزیرکامرس

نو منتخب صدر ٹرمپ نے ہاورڈ لوٹنک کو وزیر کامرس نامزدکیا۔لوٹنک، 63، ٹرمپ کی ٹرانزیشن ٹیم کے شریک چیئر کے طور پر کام کر چکے ہیں اور ٹرمپ کی 2020 اور 2024 کی مہموں کے لیے ایک اہم فنڈ ریزر تھے۔

سکاٹ ٹرنروزیر ہاؤسنگ اور شہری ترقی

ٹرمپ نےایرک سکاٹ ٹرنر کو ہاؤسنگ اور شہری ترقی کا وزیرنامزدکیا ہے، وہ سیاستدان، اور سابق فٹ بالر ہیں، اس سے قبل وائٹ ہاؤس بحالی کی کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

شون ڈفی وزیر ٹرانسپورٹیشن

نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وسکونسن کے سابق عوامی نمائندے شون ڈفی کو وزیرٹرانسپورٹیشن نامزد کیا ہے، وہ اس وقت امریکا کے نشریاتی ادارے فاکس نیوز سے بطور میزبان وابستہ ہیں، شون ڈفی کی تعیناتی کے بعد وہ ہوابازی، گاڑیوں، ٹرین سروس، ٹرانزٹ سمیت دیگر شعبہ جات سے متعلق پالیسیوں کے نگران ہوں گے۔

کرس رائٹ وزیرتوانائی

ٹرمپ نے اپنی حکومت میں محکمۂ توانائی کی قیادت کے لیے کرس وائٹ کا انتخاب کیا ہے۔کرس رائٹ ڈینور، کولاراڈو میں قائم لبرٹی انرجی کے سی ای او ہیں۔

لنڈا میک موہن وزیر تعلیم

ٹرمپ نے ڈبلیو ڈبلیو ای کی سابق چیف ایگزیکٹیو آفیسر لنڈا میک موہن کووزیر تعلیم نامزدکیا۔

ڈگلس کولنز وزیرسابق فوجی امور

ڈگلس ایلن کولنز امریکی وکیل اور ریٹائرڈ سیاستدان ہیں جنہوں نے 2013 سے 2021 تک جارجیا کے 9ویں کانگریشنل ڈسٹرکٹ کے لیے امریکی نمائندے کے طور پر خدمات انجام دیں۔

کرسٹی نوم وزیر ہوم لینڈ سیکورٹی

جنوبی ڈکوٹا کی گورنر کرسٹی نوم کو نئی امریکی انتظامیہ میں ہوم لینڈ سکیورٹی کا قلمدان سنبھالنے کے لیے منتخب کیا گیا، کرسٹی نوم امریکا میں اس وقت مشہور ہوئیں جب انہوں نے کووڈ 19 کے دوران ریاستی سطح پر ماسک پہننے کا لازمی حکم جاری کرنے سے انکار کر دیا۔