متحدہ عرب امارات کا ایک اور امدادی قافلہ غزہ پہنچ گیا

Published On 11 December,2024 03:51 am

دبئی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات سے انسانی امداد لے کر ایک اور قافلہ رفح بارڈر کراسنگ کے ذریعے غزہ میں داخل ہوا۔

امارات کے خبر رساں ادارے کے مطابق یہ اقدام متحدہ عرب امارات کی جاری انسانی کوششوں کا حصہ ہے، جس کا مقصد آٹے کی کمی کو دور اور متاثرہ خاندانوں کی سپورٹ کرنا ہے، یہ اقدام ان مشکل حالات میں فلسطینیوں کی مدد کے لیے متحدہ عرب امارات کے پختہ عزم کا اعادہ کرتا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق غزہ پہنچنے والے امدادی قافلے میں آٹھ ٹرک جن پر 100 ٹن آٹے کے تھیلے لدے ہیں، پانچ ہزر گیلن کی گنجائش والے چار پانی کے ٹینکر اور دو سیوریج ٹینکر شامل ہیں، امارات کی جانب سے غزہ میں داخل ہونے والے امدادی قافلوں کی تعداد 138 ہو گئی ہے، ہر ایک امدادی قافلے میں آٹھ ٹرک شامل تھے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ اب تک امارات نے زمینی راستے سے27 ہزار ٹن سے زیادہ امدادی سامان بھیجا ہے، متحدہ عرب امارات غزہ میں انسانی اور امدادی کوششوں کو جاری رکھے ہوئے ہے، اس اقدام کا مقصد بے گھر فلسطینی خاندانوں کی مشکلات کو کم کرنا ہے۔