اسرائیل نے حوثیوں کو دہشتگرد تنظیم قرار دینے کا مطالبہ کر دیا

Published On 25 December,2024 05:00 am

تل ابیب: (ویب ڈیسک) اسرائیل نے حوثیوں کو دہشتگرد تنظیم باور کرانے کا مطالبہ کر دیا۔

میڈیارپورٹ کے مطابق اسرائیل نے یورپ میں اپنے سفارتی مشنوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ یمن میں حوثی گروپ کو ایک دہشت گرد تنظیم کے طور پر درجہ بندی کرنے کی کوشش کریں۔

اسرائیلی وزیر خارجہ گیڈون ساعر نے ایک بیان میں کہا کہ حوثی نہ صرف اسرائیل بلکہ خطے اور پوری دنیا کے لئے خطرہ ہیں، سب سے پہلا اور سب سے اہم کام جو ہونا چاہئے وہ یہ ہے کہ انہیں دہشت گرد تنظیم قرار دلایا جائے۔

اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاٹز کی جانب سے یہ بیان حوثی رہنماؤں کو ان کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کرنے اور ان کے رہنماؤں کو ختم کرنے کی دھمکی کے بعد سامنے آیا ہے، اسرائیلی وزیر دفاع نے حماس کے رہنماؤں اسماعیل ہنیہ، یحییٰ سنوار اور حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کا حوالہ بھی دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم حوثیوں پر سخت حملہ کریں گے، ان کے سٹریٹجک انفراسٹرکچر کو نشانہ بنائیں گے، ان کے رہنماؤں کے سر قلم کریں گے جیسا کہ ہم نے تہران، غزہ اور لبنان میں ھنیہ ، سنوار اور نصر اللہ کے ساتھ کیا ہے، ایسا ہی ہم الحدیدہ اور صنعا میں کریں گے۔