دمشق نے شام میں ہماری مسلسل موجودگی میں دلچسپی ظاہر کی ہے: ماسکو

Published On 04 January,2025 03:52 am

ماسکو: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ میں روس کے نمائندے واسیلی نیبنزیا نے انکشاف کیا ہے کہ نئے شامی حکام نے یہ اشارے بھیجے ہیں کہ وہ روسی موجودگی میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

روس کے نمائندہ واسیلی نیبنزیا نے تصدیق کی کہ دمشق میں نئے حکام اس وقت مؤثر طریقے سے کام کر رہے ہیں، وہ شام میں روسی موجودگی کو برقرار رکھنے میں اپنی دلچسپی کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔

نیبنزیا نے مقامی چینل کو ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ یقیناً ڈی فیکٹو حکام اپنے خلاف پابندیاں ہٹانا چاہتے ہیں اور خود کو ایک ایسی حکومت کے طور پر پیش کرنا چاہتے ہیں جو تمام شامیوں کے مفادات کا خیال رکھتی ہے، اس حوالے سے وہ اب تک پوری طرح سے کام کر رہے ہیں۔

روس کے اقوام متحدہ میں مندوب نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ماسکو اور دمشق طویل مدتی دوستی کے رشتوں سے متحد ہیں جو کسی حکومت سے منسلک نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ شام کی نئی انتظامیہ کے سربراہ اور تحریر الشام کے رہنما احمد الشرع نے اس سے قبل میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ روس دنیا کا دوسرا طاقتور ترین ملک ہے اور دمشق کے ماسکو کے ساتھ سٹریٹجک مفادات ہیں۔