منی پور : سکیورٹی کی بگڑتی صورتحال، بھارتی فوجی افسران مظاہرین کو دھمکیاں دینے لگے

Published On 10 January,2025 09:22 am

منی پور: (دنیا نیوز) بھارتی ریاست منی میں سکیورٹی صورتحال بگڑنے کے باعث حالات دن بدن بدتر ہونے لگے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے جاری جعلی انکاؤنٹرز کےخلاف منی پور میں کوکی قبیلے اور دیگر تنظیموں کا احتجاج جاری ہے، مظاہرین کے مطالبات تسلیم کرنے کی ڈیمانڈ پر فوجی افسر مظاہرین کو دھمکیاں دینے لگا۔

رپورٹس میں بتایا گیا کہ جوابی کارروائی میں مظاہرین نے پولیس سٹیشن پر پتھراؤ کیا اور پیڑول بم پھینکے جس کے دوران بھارتی فوج کا افسر زخمی ہو گیا، اس واقعہ کے بعد بھارتی سیاسی جماعتوں کا ردعمل بھی آگیا۔

بھارتی اپوزیشن رہنما ملک ارجن کھرگے نے کہا کہ بی جے پی نے اپنی ہٹ دھرمی سے منی پور کو جلا دیا، منی پور میں گاؤں کے گاؤں تباہ ہوچکے ہیں، نااہل اور بے شرم وزیر اعلیٰ افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غائب ہوگئے، منی پور فسادات پر بی جے پی کی مسلسل خاموشی اسکی ہٹ دھرمی کا ثبوت ہے۔

واضح رہے کہ مودی کے دور حکومت میں مذہبی عدم برداشت اور فرقہ واریت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، علیحدگی پسند تنظیموں کا منی پور پر قابض ہونا مودی کی نااہلی کا ثبوت ہے ، جمہوریت کا دعویٰ کرنے والی مودی سرکار نے دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکتے ہوئے منی پور پر مکمل چپ سادھ رکھی ہے۔