یو اے ای اور نیوزی لینڈ کے درمیان جامع اقتصادی شراکت داری کا معاہدہ

Published On 15 January,2025 02:40 am

ابوظہبی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات اور نیوزی لینڈ کے درمیان جامع اقتصادی شراکت داری کا معاہدہ طے پا گیا۔

مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق صدر شیخ محمد بن زاید النہیان اور نیوزی لینڈ کے وزیراعظم کرسٹوفر لکسن نے متحدہ عرب امارات اور نیوزی لینڈ کے درمیان جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے ’سی ای پی اے‘ پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔

معاہدہ پر ابوظہبی نیشنل ایگزیبیشن سینٹر میں منعقدہ ایک تقریب میں وزیر مملکت برائے غیر ملکی تجارت، ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی اور نیوزی لینڈ کے وزیر تجارت ٹوڈ مککلے نے دستخط کئے۔

شیخ محمد بن زاید نے اس معاہدے کو متحدہ عرب امارات کے ’سی ای پی اے‘ پروگرام میں ایک اہم اضافہ قرار دیا، جو ایشیا پیسیفک خطے کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے، انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کو علم، جدت اور ہنر پر مبنی معیشتوں کی تعمیر میں مشترکہ اہداف کے لئے متحد کرتا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق بڑھتے ہوئے تجارتی تعلقات کے تحت 2024ء کے پہلے 9 مہینوں میں متحدہ عرب امارات اور نیوزی لینڈ کے درمیان غیر تیل تجارتی حجم 642 ملین امریکی ڈالر تک پہنچ گیا، جو 2023 کی اسی مدت کے مقابلے میں 8 فیصد زیادہ ہے۔

معاہدے کے تحت نیوزی لینڈ، متحدہ عرب امارات کی تمام درآمدات کو ڈیوٹی فری رسائی فراہم کرے گا جبکہ متحدہ عرب امارات نیوزی لینڈ کی 98.5 فیصد مصنوعات پر ڈیوٹی ختم کرے گا جو تین سال میں 99 فیصد تک پہنچ جائے گی۔