ابوظہبی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی جانب سے لبنان کے لئے 35 ٹن طبی سامان لے کر 23واں امدادی طیارہ بیروت پہنچ گیا۔
مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یو اے ای لبنان کے ساتھ کھڑا ہے مہم کے تحت یو اے ای کا 23واں امدادی طیارہ بیروت انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچا، جس میں 35 ٹن طبی سامان شامل تھا، سامان میں جدید آلات، ہسپتالوں اور صحت مراکز میں ضروری طبی اشیاء شامل ہیں۔
میڈیا رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ امداد صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی ہدایات، نائب صدر، نائب وزیر اعظم اور صدارتی عدالت کے چیئرمین شیخ منصور بن زاید النہیان کی نگران اور صدارتی عدالت کے ڈپٹی چیئرمین شیخ ذیاب بن محمد بن زاید النہیان کی رہنمائی میں فراہم کی گئی ہے۔
اماراتی بین الاقوامی امدادی ایجنسی کے نائب چیئرمین سلطان محمد الشامسی نے کہا ہے کہ یو اے ای لبنان کے عوام کو درپیش بحران کے اثرات کو کم کرنے کے لئے پرعزم ہے ،لبنان میں بحران کی شدت کے پیش نظر طبی سامان، آلات اور ضروری اشیاء کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔