امریکی امداد کی بندش کے باعث بنگلہ دیشی ادارے کے ایک ہزار ملازم فارغ

Published On 01 February,2025 02:48 am

ڈھاکہ : (ویب ڈیسک) امریکی امداد کی بندش کے باعث بنگلہ دیشی ادارے کے ایک ہزار ملازم فارغ ہوگئے۔

مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق انٹر نیشنل سینٹر فار ڈائیرریل ڈیزیز ریسرچ، بنگلہ دیش (آئی سی ڈی ڈی آر، بی) کے 1,000 سے زائد ملازمین کو مبینہ طور پر برطرفی کے خطوط موصول ہوئے ہیں، یہ ملازمین یونائیٹڈ سٹیٹس ایجنسی فار انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ (یوایس ایڈ)کے فنڈز سے چلنے والے مختلف تحقیقی منصوبوں پر کام کر رہے تھے اور ان میں سے زیادہ تر کنٹریکٹ پر تھے۔

میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فارغ کئے جانے والے ملازمین میں سے سب سے زیادہ کا تعلق متعدی امراض ڈویژن کے تحت تپ دق پروگرام سے تھا، اس پروگرام میں شامل ملازمین حکومت کے قومی تپ دق کنٹرول پروگرام کے تعاون سے کام کر رہے تھے۔

قبل ازیں ڈھاکہ میں امریکی سفارت خانے میں یو ایس ایڈ کے دفتر نے 25 جنوری کو ایک خط جاری کیا جس میں تمام این جی اوز اور شراکت دار تنظیموں کو تمام سرگرمیاں فوری طور پر روکنے یا معطل کرنے کی ہدایت کی گئی ۔

خط میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک ایگزیکٹو آرڈر کا حوالہ دیا گیا تھا جس نے موجودہ غیر ملکی امداد کو معطل اور نئی امداد کو روک دیا تھا، انٹرنیشنل سینٹر فار ڈائیریل ڈیزیز ریسرچ بنگلہ دیش کے ملازمین کی تعداد 5 ہزار تھی اور اس ادارے کی 20 فیصد فنڈنگ یو ایس ایڈ کی طرف سے کی جاتی تھی۔