واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برکس ممالک کو اپنی کرنسی رائج کرنے پر سو فیصد ٹیرف کی دھمکی دے دی۔
امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈالر کی جگہ اپنی کرنسی رائج کرنے کی صورت میں برازیل، روس، بھارت، چین اور جنوبی افریقا پر مشتمل گروپ برکس کو ایک سو فیصد ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی دی ہے، انہوں نے ہفتے سے کینیڈا اور میکسیکو پر 25 فیصد محصولات عائد کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ پر پوسٹ میں کہا کہ ہم بظاہرمخالف ملکوں سے یہ وعدہ حاصل کرنے جارہے ہیں کہ وہ نہ تو کوئی نئی برکس کرنسی بنائیں گے اور نہ ہی کسی ایسی دوسری کرنسی کی حمایت کریں گے جو کہ طاقت ور امریکی ڈالر کی جگہ لینے کی کوشش کرے۔
واضح رہے کہ روس نے کچھ عرصے قبل کہا تھا کہ امر یکا کی طرف سے دیگر ملکوں کو ڈالر استعمال کرنے پر مجبور کرنے کی کوشش کے برعکس نتائج بھی برآمد ہو سکتے ہیں، برکس گروپ برازیل، روس، بھارت، چین، جنوبی افریقا اور چند دوسرے ممالک پر مشتمل ہے جو حالیہ چند برسوں کے دوران اس میں شامل ہوئے۔