قاہرہ: (ویب ڈیسک) مصر کے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل عبدالمجید صقر نے تھرڈ فیلڈ آرمی کے اہلکاروں پر زور دیا ہے کہ وہ اعلیٰ درجے کی تیاری کی سطح برقرار رکھیں۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وزیر دفاع نے یہ بات گزشتہ روز تھرڈ فیلڈ آرمی کے مراکز کا دورہ کرتے ہوئے کہی جہاں موبیلائزیشن کمانڈ سینٹرز کے منصوبے کے مرکزی مرحلے پر عمل جاری تھا۔
مصری فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل غریب عبدالحافظ نے بیان میں بتایا کہ مذکورہ مرحلے کا نفاذ کئی روز تک جاری رہا جو مسلح افواج کے یونٹس کی کومبیٹ لائن تربیت کے سلسلے میں تھی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر دفاع نے منصوبے میں شریک متعدد افراد سے ان کے مشن پر عمل درآمد کے طریقہ کار اور ہر قسم صورتحال سے نمٹنے کے لئے مثالی فیصلے کے بارے میں دریافت کیا۔
واضح رہے کہ تھرڈ فیلڈ آرمی کا اہم ترین مشن سینا صوبے اور ملکی سرحد کو محفوظ بنانا ہے جو غزہ کی پٹی کے مقابل واقع ہے۔