دبئی: (ویب ڈیسک) دبئی میں ایلون مسک کے تعاون سے ’’دبئی لوپ‘‘ منصوبے کا اعلان کیا گیا۔
مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل معیشت اور ریموٹ ورک ایپلیکیشنز، عمر سلطان العلماء اور ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک نے ’’دبئی لوپ‘‘ منصوبے کے آغاز کا اعلان کیا۔
یہ اعلان ورلڈ گورنمنٹس سمٹ 2025ء کے دوران ایک ویڈیو کال میں کیا گیا، جس میں ایلون مسک نے شہری نقل و حمل کے مستقبل کے بارے میں اپنی بصیرت کا اظہار کیا، مسک کے مطابق ’’دبئی لوپ‘‘ ایک جدید سرنگوں کے نیٹ ورک پر مبنی ہوگا، جو ٹریفک جام اور لمبے فاصلے طے کرنے کی ضرورت کو ختم کرتے ہوئے مسافروں کو شہر بھر میں تیزی سے سفر کرنے کی سہولت فراہم کرے گا۔
انہوں نے اسے ’’ورم ہول‘‘ جیسا تصور قرار دیا، جہاں لوگ ایک مقام سے دوسرے مقام تک بظاہر فوری طور پر پہنچ سکیں گے، جیسے کہ فاصلے کی کوئی رکاوٹ ہی نہ ہو۔
مسک نے مزید وضاحت کی کہ ٹنل سسٹمز اڑنے والی گاڑیوں (فلاِئنگ کارز) سے بہتر ہیں، کیونکہ یہ زیادہ محفوظ، کم شور والے اور موسمی حالات سے محفوظ ہوتے ہیں، جو مسافروں کے لئے ایک زیادہ آرام دہ تجربہ فراہم کرتے ہیں۔
وزیر عمر سلطان العلماء کے ساتھ گفتگو میں ایلون مسک نے حکومتی کارکردگی کو بہتر بنانے پر بات کی، انہوں نے کہا کہ بڑی رکاوٹ بیوروکریسی کو کم کرنا اور حکومتی اداروں میں جدید ٹیکنالوجی کا نفاذ ہے۔
امریکہ میں عوامی حمایت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مسک نے کہا کہ بنیادی مقصد حکومت کے سائز کو کم کرنا اور اسے زیادہ جوابدہ بنانا ہونا چاہئے۔