وائس آف امریکا میں برطرفیاں شروع، سیکڑوں ملازمین کو نوٹس موصول

Published On 17 March,2025 10:23 pm

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) ٹرمپ انتظامیہ نے خبر رساں ادارے وائس آف امریکا کے ملازمین کی برطرفیاں شروع کر دیں۔

واشنگٹن سے خبر ایجنسی کے مطابق وی او اے کے سیکڑوں کنٹریکٹ ملازمین کو برطرفیوں کی ای میل موصول ہوئی ہیں، جس میں ملازمین کو ان کی مدت ملازمت 31 مارچ سے ختم ہونے کی اطلاع دی گئی۔

خبر ایجنسی کے مطابق کنٹریکٹ ملازمین کو اپنا کام فوری روکنے کی ہدایت کر دی گئی۔ برطرف ملازمین کی وائس آف امریکا کے دفاتر اور سسٹم تک رسائی بھی روک دی گئی ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق بیشتر برطرف ملازمین وی او اے کی غیر انگریزی سروسز میں کام کر رہے تھے، صحافیوں کی بین الاقوامی تنظیموں اور ناقدین نے ٹرمپ کے اقدام کو آزاد میڈیا پر حملے کے مترادف قرار دیا۔