لندن: ہیز میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن، ہیتھرو ایئرپورٹ بند، فلائٹ آپریشن معطل

Published On 21 March,2025 09:38 am

لندن : (دنیا نیوز) لندن کے علاقے ہیز میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہونے سے ہیتھرو ایئرپورٹ کو 24 گھنٹے کیلئے بند کر دیا گیا جبکہ فلائٹ آپریشن بھی معطل ہو گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق لندن کے علاقے ہیز کے الیکٹریکل سب سٹیشن میں بڑے پیمانے پر آگ لگ گئی، آگ لگنے کے بعد ہیتھرو ایئرپورٹ مکمل طور پر بند کیا گیا ہے، ایئرپورٹ بجلی نہ ہونے کے باعث سارا دن بند رہے گا۔

ہیتھرو ایئرپورٹ تک چلنے والی ٹرین سروس بھی مکمل طور پر بند رہے گی، ہیز کے بجلی گھر میں آگ لگنے کے باعث لندن کے 16 ہزار سے زائد گھر بھی بجلی سے محروم ہوگئے ہیں جبکہ ستر سے زیادہ فائر فائٹرز آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔

رپورٹس کے مطابق ہیتھرو ایئرپورٹ دنیا کے مصروف ترین ایئرپورٹس میں سے ایک ہے، ہیتھرو ایئرپورٹس آنیوالی فلائٹس کو نہ صرف برطانیہ بلکہ یورپ کے مختلف ایئرپورٹس پر لینڈ کروایا جائے گا۔