دمشق: (دنیا نیوز) شام کے عبوری صدر احمد الشرع نے اعلان کیا ہے کہ ملک کی نئی حکومت کا اعلان ہفتے کے روز کیا جائے گا۔
عرب میڈیا کے مطابق شام میں صدر بشار الاسد کا تختہ الٹنے کے تین ماہ بعد آئین کی کچھ شقوں کو بحال کیا گیا ہے تاکہ عبوری حکومت کا قیام عمل میں لایا جا سکے۔
آئین کی یہ جزوی بحالی کے مرحلے کی مدت 5 برس مقرر کی گئی ہے۔ اس دوران عبوری صدر احمد الشرع ایگزیکٹو اتھارٹی سنبھالیں گے، علاوہ ازیں ملک کے الافتاء کونسل اور شام کے مفتی اعظم کے تقرر کا اعلان کل بروز جمعے کو ہوگا۔
یاد رہے کہ 8 دسمبر کو شام میں باغی مسلح گروہوں نے احمد الشرع کی قیادت میں بشار الاسد کا دھڑن تختہ کردیا تھا، جس کے بعد تین ماہ کے لیے ایک عبوری حکومت قائم کی گئی تھی جس کے سربراہ بعد میں احمد الشرع خود بنے تھے۔