تجارتی جنگ کی بال چین کی کورٹ میں، امریکہ کیساتھ معاہدے کی ضرورت ہے: وائٹ ہاؤس

Published On 16 April,2025 03:39 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کیرولین لیویٹ نے کہا کہ ہم 15 سے زائد تجارتی معاہدوں پر غور کر رہے ہیں۔

وائٹ ہاؤس پریس سیکرٹری کیرولین لیویٹ نے پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہم 15 سے زائد تجارتی معاہدوں پر غور کر رہے ہیں، صدر ٹرمپ نے کارپوریٹ ٹیکس کی شرح بڑھانے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا، صدر ٹرمپ نے ہارورڈ یونیورسٹی پر واضح کیا کہ اسے قانون کی پابندی کرنی چاہئے۔

کیرولین لیویٹ نے کہا کہ صدر ٹرمپ کالج کیمپس میں یہود دشمنی کو برداشت نہیں کریں گے، ہارورڈ یونیورسٹی کو معافی مانگنی چاہئے، ڈونلڈ ٹرمپ نے آج عمان کے سلطان سے بات چیت کی، دونوں رہنماؤں نے حوثیوں کے خلاف جاری کارروائیوں پر تبادلہ خیال کیا۔

پریس سیکرٹری وائٹ ہاؤس کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ جوہری پروگرام پر بات چیت ہفتہ کو طے ہے، تجارتی جنگ کی بال چین کی کورٹ میں ہے، چین کو ہمارے ساتھ معاہدہ کرنے کی ضرورت ہے ہمیں نہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ ٹرمپ نے کینیڈا پر اپنی پوزیشن برقرار رکھی ہے، کسانوں کے لئے ریلیف پر غور کیا جا رہا ہے۔