فضائی حدود کی بندش: بھارتی پروازوں کو 12 دنوں میں 270 کروڑ کا نقصان

Published On 06 May,2025 05:28 pm

کراچی: (دنیا نیوز) بھارتی پروازوں کے لئے پاکستانی فضائی حدود کی بندش کا 13 واں روز، گزشتہ 12 روز کے دوران 13 سو سے زائد بھارتی پروازیں متاثر ہوئیں۔

بھارتی ایئرلائنز کو گزشتہ 12 روز میں 270 کروڑ بھارتی روپے سے زائد نقصان ہوچکا، ایئر انڈیا، آکاسا ایئر، سپائس جیٹ، انڈیگو ایئر، ایئر انڈیا ایکسپریس کی پروازیں متاثر ہوئیں۔

پاکستان کی فضائی حدود کی بندش سے بھارتی طیاروں کو آدھے بھارت سے ہوکر بحیرہ عرب سے جانا پڑ رہا ہے، بھارتی ایئرلائنز کو لمبے روٹس سے گزرنے پر فیول اور دیگر آپریشنل اخراجات دگنے ہونے پر مالی نقصان نے چیخیں نکال دیں۔

پاکستان کی فضائی حدود بند ہونے سے انڈیگو ایئر کی تاشقند اور الماتی کے لیے پروازیں تاحال بند ہیں، امرتسر، دہلی، ممبئی، احمد آباد، بنگلور سمیت دیگر شہروں سے جانے والی بھارت کی تمام ایئرلائنز کو یومیہ کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔

بھارت سے امریکا، یورپ، برطانیہ کی بھارتی ایئرلائنز کی پروازوں کو ڈائیورٹ کرنے سے دگنے اخراجات کا سامنا ہے، امریکا جانے والی بھاتی پروازوں کے عملے کو یورپ میں تبدیل کرنا پڑ رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق متعدد لینڈنگ اور ری فیولنگ سے بھارتی ایئرلائنز کو ایئرپورٹ چارجز کی مد میں بھی یومیہ کروڑوں کے نقصان کا سامنا ہے۔

پروازوں کی منسوخی سے بھارتی مسافروں کو تاحال اپنی ہی ایئرلائنز سے ریفنڈ نہ مل سکے، دہلی، ممبئی، امرتسر، احمد آباد سے امریکا، برطانیہ، یورپ کی پروازوں کا دورانیہ 4 سے 10 گھنٹے تک تجاوز کر گیا ہے۔