اسرائیلی حملے: متعدد ممالک کی فضائی حدود بند، بڑی ایئرلائنز کی پروازیں معطل

Published On 13 June,2025 01:30 pm

تہران: (دنیا نیوز) اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے بڑے پیمانے پر فضائی حملے کے بعد خطے میں غیرمعمولی صورتحال پیدا ہو گئی ہے جس کے تحت ایران، عراق اور اردن سمیت کئی ممالک نے اپنی فضائی حدود بند کر دی جبکہ متعدد عالمی ایئرلائنز نے پروازیں منسوخ یا موڑ دی ہیں۔

اسرائیل، ایران، عراق اور اردن کی فضائی حدود بند ہونے کے بعد فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق درجنوں کمرشل پروازوں کا رخ بدل دیا گیا۔

ایئر انڈیا، فلائی دبئی، ایمیریٹس، قطر ایئرویز جیسی بڑی ایئرلائنز نے اپنی کئی پروازیں معطل کر دی ہیں۔

فلائی دبئی نے اعلان کیا ہے کہ اس نے عمان، بیروت، دمشق، ایران اور اسرائیل کے لیے پروازیں معطل کر دی ہیں جبکہ ایئر انڈیا کی نیویارک، لندن، وینکوور سے ایران کی طرف آنے والی پروازیں واپس بلا لی گئی ہیں۔

عراق کے سرکاری میڈیا کے مطابق تمام ہوائی اڈے بند کر دیے گئے ہیں جبکہ اردن نے بھی فضائی حدود بند کرنے کا اعلان کر دیا۔

او پی ایس گروپ کے تحت چلنے والے پلیٹ فارم سیف ایئر سپیس نے خبردار کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی فضائی حدود میں فضائی آپریشن خطرناک ہو چکا ہے اور تمام ایئرلائنز کو انتہائی احتیاط کی ضرورت ہے۔