اقوام متحدہ کی اسرائیلی حملوں کی مذمت، عالمی برادری کا فریقین سے تحمل کا مطالبہ

Published On 13 June,2025 09:40 am

نیویارک، سڈنی (دنیا نیوز) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ایران پر اسرائیل کے حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور خطے کو مزید کشیدگی کی طرف نہ دھکیلیں۔

اپنے بیان میں انتونیو گوتریس نے کہا کہ ایران اور اسرائیل گہرے تنازع کی طرف بڑھنے سے گریز کریں، اور ایسی صورتحال پیدا نہ کریں جس کا خطہ متحمل نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ پہلے ہی نازک حالات سے گزر رہا ہے، اور مزید کسی کشیدگی سے علاقائی و عالمی امن کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، خطے کو کسی بھی نئی جنگ یا غیر یقینی صورتحال میں دھکیلنے سے گریز کیا جائے۔

ایران کی خودمختاری کی خلاف ورزی کی مخالفت کرتے ہیں: چین

چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان لین جیان نے کہا ہے کہ ایران کی خود مختاری کی خلاف ورزی کی مخالفت کرتے ہیں۔

چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے ایران پر حملے کے ممکنہ سنگین نتائج پر گہری تشویش ہے، کشیدگی میں اچانک اضافہ کسی فریق کے مفاد میں نہیں، فریقین خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے اقدامات کریں، چین اس کشیدہ صورتحال میں کمی کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق ترک وزارتِ خارجہ کی جانب سے بھی ایران پر اسرائیل کے حملے کی مذمت کی گئی ہے۔

اسرائیل اور ایران میں کشیدگی سے پریشان ہیں: آسٹریلیا

آسٹریلیا کی وزیر خارجہ پینی وونگ نے ایک ہنگامی پریس کانفرنس میں صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ اسرائیل اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر ہمیں شدید تشویش ہے، یہ ایک ایسے خطے کو مزید غیر مستحکم کر سکتی ہے جو پہلے ہی عدم استحکام کا شکار ہے۔

وزیر خارجہ پینی وونگ نے تمام فریقین سے مطالبہ کیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور کشیدگی کو مزید بڑھانے سے گریز کریں، موجودہ حالات عالمی امن کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں اور سفارتی راستہ اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

جاپان کی ایران پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت

جاپان نے بھی ایران پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت  کی ہے اور تمام فریقوں سے تحمل کا مطالبہ کیا ہے۔

جاپانی وزیر خارجہ تاکیشی ایویا نے کہا کہ ہم اس تازہ ترین کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہیں جس سے صورت حال مزید خراب ہو رہی ہے، مشرق وسطیٰ کے خطے میں امن اور استحکام جاپان کے لیے انتہائی اہم ہے اور ہم اس میں شامل تمام فریقوں سے انتہائی تحمل کا مظاہرہ کرنے اور حالات کو پرسکون کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔‘

اسرائیلی حملہ خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے: عمان

ایران اور امریکہ کے درمیان جوہری مذاکرات میں ثالث کا کردار ادا کرنے والے ملک عمان نے کہا ہے کہ اسرائیلی حملہ سفارتی حل کو ختم کرنے اور خطے کی سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کے لیے خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ  سلطنت عمان، اسرائیل کو اس کشیدگی اور اس کے نتائج کا ذمہ دار ٹھہراتا ہے  اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اس خطرناک اقدام کو روکنے کے لیے ایک مضبوط اور واضح موقف اپنائے۔

مذاکرات ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہیں: نیوزی لینڈ

نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم کرسٹوفر لکسن نے بھی اسرائیلی حملوں کو مشرق وسطیٰ میں ناپسندیدہ پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ مذاکرات اور سفارتکاری ہی آگے بڑھنے کا بہتر راستہ ہیں۔

فریقین کو کشیدگی کم کرنی چاہئے: برطانوی وزیراعظم

برطانوی وزیراعظم نے بھی حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران و اسرائیل دونوں کو کشیدگی کم کرنی چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں استحکام برطانیہ سمیت پوری دنیا کے لیے ترجیح ہونی چاہیے، کیونکہ جارحیت کسی کے مفاد میں نہیں۔