عراق کے شاپنگ مال میں خوفناک آتشزدگی، 60 افراد ہلاک

Published On 17 July,2025 12:11 pm

بغداد: (دنیا نیوز) عراق کے شہر الکوت میں ایک بڑے شاپنگ سینٹر میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں 60 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

گورنر محمد المیاحی نے کہا کہ شہر کے ایک بڑے شاپنگ سینٹر میں افسوسناک آگ کے نتیجے میں مرنے والوں کی تعداد تقریباً 60 ہو چکی ہے، عمارت کے مالک پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ ابھی ملبے تلے درجنوں افراد ہو سکتے ہیں جس سے ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے، اس عمارت میں ایک ریستوران بھی ہے جہاں آتشزدگی کے وقت شہری کھانا کھانے کے لیے اکٹھے ہوئے تھے۔

محمد المیامی نے شہریوں کو یقین دلایا کہ اس واقعہ میں جو بھی بلاواسطہ یا بلاواسطہ ملوث ہے، اس کے ساتھ نرمی نہیں برتی جائے گی۔

ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی، تاہم ابتدائی تحقیقاتی نتائج دو روز میں جاری کیے جائیں گے، آتشزدگی کے واقعہ نے پورے علاقے میں سوگ کی فضا پیدا کر دی جبکہ متاثرہ مقام پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں ایک بڑی عمارت کو شعلوں کی لپیٹ میں دیکھا جا سکتا ہے، جہاں سے دھوئیں کے بادل اٹھ رہے ہیں۔