واشنگٹن، بنکاک: (دنیا نیوز، ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے درمیان بھی جنگ بندی کی کوششیں شروع کر دیں جبکہ تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کی قیادت نے بھی جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان جنگ بندی کی کوشش کررہے ہیں اور اس حوالے سے انہوں نے دونوں ممالک کے رہنماؤں سے ٹیلیفون پر بات کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ ایک پیچیدہ صورتحال کو آسان بنانے کی کوشش کررہے ہیں، دونوں ممالک جنگ بندی اور امن کے خواہاں ہیں، فریقین سے مزید بات چیت کے بعد جنگ بندی، امن اور خوشحالی جلد سامنے آجائے گی، جب جنگ بندی شرائط پوری ہوں گی تو امریکا سے تجارت کے معاہدے پر بات کا موقع دیا جائے گا۔
کمبوڈیا اور تھائی لینڈ جنگ بندی کی بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان سیز فائر کا ذکر کیا کہ کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کی جنگ میں بہت سے لوگ مر رہے ہیں اور یہ صورتحال انہیں پاکستان اور بھارت کے تنازع کی یاد دلاتی ہے جسے انہوں نے کامیابی سے رُکوایا تھا۔
واضح رہے کہ صدر ٹرمپ کا پاک بھارت سیز فائر پر یہ 26 واں بیان ہے۔
دوسری طرف قائم مقام تھائی وزیراعظم نے ٹرمپ کی سعی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اگر دوسرا فریق سنجیدہ نیت کا مظاہرہ کرے تو ہم جنگ بندی کے لیے تیار ہیں۔
کمبوڈیا کے وزیر اعظم نے بھی کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کی تجویز بہتر ہے اور یہ خبر دونوں ملکوں کے عوام اور فوج کے لیے خوش آئند ہے۔
ادھر تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان 3 روز سے جاری سرحدی جھڑپوں میں دونوں ممالک کے 30 سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ڈیڑھ سو سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔