واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی جریدے فارن افیئرز نے اپنی تازہ رپورٹ میں اعتراف کیا ہے کہ امریکا کی بھارت پر انحصار کی پالیسی ناکام ہو چکی ہے اور پاکستان کو زیادہ قابلِ اعتماد شراکت دار قرار دیا ہے۔
امریکی میگزین کے مطابق بھارت کبھی بھی امریکا کا بھروسا مند اتحادی نہیں رہا اور نہ ہی وہ واشنگٹن کی توقعات پر پورا اترا، اب وقت آ گیا ہے کہ امریکا پاکستان پر اعتماد کرے اور اسے خطے میں اپنا سٹریٹجک پارٹنر بنائے۔
فارن افیئرز نے اس بات کو اجاگر کیا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی پاکستان کے دہشت گردی کے خلاف اقدامات اور بھارت کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کو سراہ چکے ہیں۔
رپورٹ میں تجارتی و توانائی معاہدوں کو دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ ریکوڈک سمیت پاکستان کے وسائل میں امریکی سرمایہ کاری خطے کے استحکام کا باعث بن سکتی ہے، اگر امریکہ صرف بھارت پر توجہ مرکوز رکھتا ہے تو اس سے خطے میں تقسیم اور جنگ کا خطرہ بڑھے گا۔
پاکستان کی نئی قومی سلامتی پالیسی میں امریکا اور چین کے ساتھ متوازن تعلقات پر زور دیا گیا ہے، اور پاکستان ماضی میں بھی بیجنگ اور واشنگٹن کے درمیان پل کا کردار ادا کر چکا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھارت پر مرکوز امریکی پالیسی نہ صرف پاکستان کو دور کرے گی بلکہ خطے میں واشنگٹن کی پوزیشن کو بھی کمزور بنا دے گی۔