جرمنی نے روس کا یوکرین جنگ سے کامیابی کے ساتھ نکلنا مشکل قرار دیدیا

Published On 27 November,2025 04:49 am

برلن: (ویب ڈیسک) جرمنی نے روس کا یوکرین جنگ سے کامیابی کے ساتھ نکلنا مشکل قرار دیدیا۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جرمن چانسلر فریڈرِش مرز نے جرمن پارلیمان کی زیریں ایوان بنڈسٹاگ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جرمنی چاہتا ہے کہ جنگ جلد از جلد ختم ہو، لیکن بڑی طاقتوں کے درمیان یوکرین اور یورپی ممالک کی رضامندی کے بغیر کوئی سمجھوتہ حقیقی اور پائیدار امن کی بنیاد نہیں بن سکتا۔

فریڈرِش مرز کا یہ بیان ایک روز بعد سامنے آیا جب یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے کہا تھا کہ وہ جنگ کے خاتمے کے لئے امریکہ کی حمایت یافتہ فریم ورک پر آگے بڑھنے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ اختلافی نکات پر گفتگو کے لیے تیار ہیں، جس میں یورپی اتحادی بھی شامل ہونے چاہئیں۔

جرمن چانسلر نے کہا کہ یوکرین کوئی مہرہ نہیں بلکہ اپنے مفادات اور اقدار کا خود مختار کردار ہے، جرمن چانسلر نے اعلان کیا کہ جرمنی یوکرین کی حمایت جاری رکھے گا اور اس مقصد کے لیے منجمد روسی اثاثے استعمال کرے گا۔

انہوں نے بتایا کہ 2026 کے بجٹ میں یوکرین کے لیے مالی امداد بڑھا کر 11.5 ارب یورو کر دی گئی ہے، جو پہلے 8.5 ارب یورو رکھی گئی تھی۔