واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا نے کہا ہے کہ اسرائیل کے مسلسل حملے شام میں عدم استحکام کا باعث بن سکتے ہیں اور اسرائیل اور شام کے درمیان ممکنہ سکیورٹی معاہدے کی راہ میں بڑی رکاوٹ بن سکتے ہیں۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے ایک سینئر عہدیدار کے مطابق امریکی انتظامیہ نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہوسے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شام میں حملے روکیں کیونکہ اگر وہ ایسا ہی کرتے رہے تو خود اپنا سیاسی نقصان کریں گے اور ایک بڑا سفارتی موقع گنوا بیٹھیں گے۔
میڈیا رپورٹ میں مزید بتایا ہے کہ امریکی انتظامیہ نے اس اندیشے کا اظہار کیا ہے کہ شام میں اسرائیل کے مسلسل حملے ملک کے عدم استحکام کا باعث بن سکتے ہیں اور اسرائیل اور شام کے درمیان ممکنہ سکیورٹی معاہدے کی راہ میں بڑی رکاوٹ بن سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق امریکی حکام نے مزید بتایا کہ گزشتہ جمعہ کو شام کے جنوبی قصبے بیت جن میں ہونے والی اسرائیلی کارروائی کے بارے میں امریکا کو کوئی پیشگی اطلاع نہیں دی گئی تھی۔
شام کے لئے امریکا کے خصوصی مندوب ٹام باراک اور ٹرمپ انتظامیہ کے دیگر اہلکاروں نے اسرائیلی ہم منصبوں کے ساتھ شام کے حوالے سے سخت اور کشیدہ ماحول میں بات چیت کی ہے۔
امریکی حکام نے مزید بتایا کہ انہوں نے شام کے حکام کے ساتھ بھی رابطے کیے تاکہ مزید کشیدگی کو روکا جا سکے۔



