غزہ: (دنیا نیوز) غزہ میں انسانی بحران پر 10 ممالک کے وزرائے خارجہ نے امداد کیلئے رکاوٹیں ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
غزہ میں جاری شدید انسانی بحران پر دنیا کے دس ممالک کے وزرائے خارجہ نے ایک مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے فوری اور بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے، مشترکہ بیان میں کینیڈا، برطانیہ اور دیگر ممالک شامل ہیں جنہوں نے غزہ میں بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
وزرائے خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق غزہ میں سردی اور مسلسل بارشوں نے انسانی حالات کو مزید سنگین بنا دیا ہے، لاکھوں افراد بنیادی سہولیات سے محروم ہیں جبکہ شدید سرد موسم نے بے گھر افراد، بچوں، خواتین اور بزرگوں کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے۔
وزرائے خارجہ نے کہا کہ موجودہ حالات فوری عالمی توجہ اور عملی اقدامات کے متقاضی ہیں، مشترکہ بیان میں انکشاف کیا گیا کہ غزہ میں اس وقت تقریباً 13 لاکھ افراد کو فوری پناہ کی اشد ضرورت ہے کیونکہ بڑی تعداد میں مکانات تباہ ہو چکے ہیں یا رہائش کے قابل نہیں رہے۔
اس کے علاوہ 16 لاکھ سے زائد افراد غذائی عدم تحفظ کا شکار ہیں اور انہیں خوراک کی شدید قلت کا سامنا ہے جو ایک بڑے انسانی المیے کی نشاندہی کرتے ہیں۔
وزرائے خارجہ نے مشترکہ بیان میں رفاہ سمیت غزہ کی تمام گزرگاہیں کھولنے اور امدادی سامان کی ترسیل میں فوری اضافے کا مطالبہ بھی کیا، وزرائے خارجہ کا کہنا تھا کہ اگر امدادی راستے مکمل طور پر نہ کھولے گئے تو انسانی بحران مزید شدت اختیار کر سکتا ہے جس کے نتائج نہایت خطرناک ہوں گے۔
عالمی برادری سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غزہ کے عوام کی مدد کے لیے متحد ہو کر فوری اور مؤثر اقدامات کرے تاکہ مزید انسانی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔



