آئل ٹینکر پر قبضہ کرکے امریکا نے فوجی و سیاسی کشیدگی بڑھا دی: روس

Published On 08 January,2026 09:23 pm

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس نے امریکا پر الزام عائد کیا ہے کہ شمالی بحرِ اوقیانوس میں روسی پرچم والے آئل ٹینکر میرینیرا پر قبضہ کر کے امریکا نے فوجی و سیاسی کشیدگی کو ہوا دی ہے اور بین الاقوامی سمندری قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔

روسی وزارتِ ٹرانسپورٹ کے مطابق امریکی بحری افواج نے بین الاقوامی پانیوں میں اس وقت ٹینکر کو اپنی تحویل میں لیا جب جہاز کسی بھی ریاست کی علاقائی حدود سے باہر تھا۔

وزارت کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران تقریباً سہ پہر تین بجے مقامی وقت پر جہاز سے رابطہ منقطع ہو گیا۔

روسی حکام نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ سنہ 1982 کے اقوام متحدہ کے سمندری قانون کے تحت کھلے سمندر میں جہاز رانی کی آزادی حاصل ہے اور کسی بھی ملک کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ کسی دوسرے ملک کے قانونی طور پر رجسٹرڈ جہاز کے خلاف طاقت استعمال کرے۔

روسی وزارتِ خارجہ نے بھی امریکی اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ٹینکر پر موجود روسی شہریوں کے ساتھ انسانی اور باوقار سلوک کیا جائے، ان کے حقوق کا احترام کیا جائے اور انہیں فوری طور پر وطن واپس بھیجا جائے۔

روسی وزارت ٹرانسپورٹ کے مطابق، میرینیرا، جس کا سابقہ نام بیلا-1 تھا، کو 24 دسمبر 2025 کو روسی پرچم کے تحت عارضی اجازت دی گئی تھی جو روسی اور بین الاقوامی قوانین کے عین مطابق تھی۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ جہاز ماضی میں امریکا کی جانب سے وینزویلا پر عائد سمندری ناکہ بندی سے بچ نکلنے میں بھی کامیاب رہا تھا۔