انتخابی عمل میں تشدد، ووٹرز پر دباؤ کی کوشش برداشت نہیں کی جائے گی: محمد یونس

انتخابی عمل میں تشدد، ووٹرز پر دباؤ کی کوشش برداشت نہیں کی جائے گی: محمد یونس

عام انتخابات سے قبل قوم سے خطاب کرتے ہوئے بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس نے کہا کہ پولنگ سٹیشنز پر قبضے یا ووٹنگ میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف ریاست سخت کارروائی کرے گی۔

محمد یونس نے سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلانے اور من گھڑت مواد کے ذریعے بدامنی پھیلانے والوں کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ عبوری حکومت کا اقتدار منتقل نہ کرنے کا پرو پیگنڈا بے بنیاد ہے، انتخابات کے فوری بعد اقتدار منتخب نمائندوں کے حوالے کر دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: تاریخی الیکشن 2026 اور بنگلہ دیش کی سیاسی تاریخ پر ایک نظر

ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کا دن بنگلہ دیش کی تاریخ کا اہم ترین دن ہے، قوم 2 ووٹ ڈالے گی، ایک ووٹ نئی حکومت کیلئے اور دوسرا بنگلہ دیش کے مستقبل کے ریفرنڈم کیلئے ہوگا، انتخابات کیلئے 51 جماعتیں اور 2 ہزار سے زائد امیدوار میدان میں ہیں۔

بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر کا مزید کہنا تھا کہ امن وامان برقرار رکھنے کیلئے پہلی بار سی سی ٹی وی کیمروں، باڈی کیمروں اور ڈرونز کا استعمال کیا جائے گا، اداروں کو امن برقرار رکھنے کیلئے خصوصی اختیارات تفویض کیے ہیں۔

خیال رہے کہ بنگلہ دیش 12 فروری 2026ء کو عام انتخابات کی طرف جا رہا ہے، جنہیں ملک کی 55 سالہ تاریخ کے اہم ترین انتخابات میں شمار کیا جا رہا ہے، یہ انتخابات اگست 2024ء میں وزیراعظم شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کے بعد ہو رہے ہیں۔