خلاصہ
- کیپ ٹاؤن: (ویب ڈیسک) جنوبی افریقہ کے صدر نے جرائم سے نمٹنے کیلئے فوج تعینات کرنے کا اعلان کر دیا۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقہ کے صدر سیرل راما فوسا نے اعلان کیا کہ منظم جرائم سے ملک کو فوری سے سب سے بڑا خطرہ درپیش ہے، انہوں نے کہا کہ منظم جرائم اب ہماری جمہوریت، ہمارے معاشرے اور ہماری معاشی ترقی کے لیے سب سے بڑا فوری خطرہ ہے۔
صدر سیرل راما فوسا نے زور دیا کہ رواں سال حکومت کی اولین ترجیح ٹیکنالوجی، انٹیلی جنس اور مربوط قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ذریعے جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف کارروائی تیز کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ جرائم کی قیمت جانوں کے ضیاع اور مستقبل کے تباہ ہونے کی صورت میں ادا کی جا رہی ہے، جو اب بدلنا ضروری ہے۔ اسی مقصد کے تحت انہوں نے ساؤتھ افریقن نیشنل ڈیفنس فورس کو پولیس کی مدد کے لیے تعینات کرنے کی ہدایت دی ہے۔
انہوں نے وزیر برائے پولیس اور ساؤتھ افریقن نیشنل ڈیفنس فورس کو حکم دیا کہ وہ آئندہ چند دنوں میں ویسٹرن کیپ اورگاؤٹنگ میں گینگ تشدد اور غیر قانونی کان کنی سے نمٹنے کے لیے سکیورٹی فورسز کی تعیناتی کا عملی منصوبہ تیار کریں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ رواں سال مزید 5,500 پولیس اہلکار بھرتی کئے جائیں گے، اسلحہ قوانین کو سخت کیا جائے گا اور ملک بھر میں جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے خلاف انٹیلی جنس اور کثیر الجہتی ٹیمیں کام کریں گی۔