چین کا برطانوی اور کینیڈین شہریوں کیلئے ویزا فری انٹری کا اعلان

چین کا برطانوی اور کینیڈین شہریوں کیلئے ویزا فری انٹری کا اعلان

چینی وزارتِ خارجہ کے مطابق یہ سہولت منگل سے نافذ العمل ہوگی اور 31 دسمبر تک برقرار رہے گی، یہ پیش رفت برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر اور کینیڈین وزیر اعظم مارک کارنے کے حالیہ دورۂ بیجنگ کے بعد سامنے آئی ہے۔

دونوں رہنماؤں نے چینی صدر زی جنگ پنگ سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں میں باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا تھا۔

چینی حکام کے مطابق برطانیہ اور کینیڈا کے عام پاسپورٹ رکھنے والے شہری کاروبار، سیاحت، رشتہ داروں اور دوستوں سے ملاقات، تبادلہ پروگرام یا ٹرانزٹ کی غرض سے 30 دن تک بغیر ویزا چین میں قیام کر سکیں گے، بیان میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینا ہے۔

دوسری جانب چین کے اعلیٰ سفارت کار وانگ یی نے میونخ سیکیورٹی کانفرنس کے موقع پر جرمن چانسلر فریڈرک مرز سے ملاقات کی، چینی وزارت خارجہ کے مطابق بیجنگ جرمنی کے ساتھ جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو نئی سطح تک لے جانا چاہتا ہے۔

ماہرین کے مطابق چین یورپی یونین کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب یورپ اپنی خارجہ پالیسی میں توازن پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔