خلاصہ
- بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین نے سوڈن تنازع کے پائیدار اور مؤثر حل کیلئے بین الاقوامی برادری سے تعاون کی اپیل کردی۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق چین نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ سوڈان کے تنازع کے پائیدار اور موثر حل کے لئے پانچ نکاتی اتفاق رائے کو برقرار رکھے تاکہ ملک اور اس کے عوام کو مزید تکالیف سے بچایا جا سکے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چین کے مستقل مندوب برائے اقوام متحدہ فو کانگ نے سلامتی کونسل میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو سوڈان کے تنازع کو پھیلنے سے روکنا چاہئے اور مزید جانی نقصان قبول نہیں کیا جا سکتا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ پانچ نکاتی اتفاق رائے میں جلد از جلد جنگ بندی حاصل کرنا، انسانی بحران کو کم کرنا، ثالثی کے اقدامات کو مضبوط کرنا، سوڈانی ملکیت کی پاسداری اور ترقی و سلامتی کو یکجا کرنا شامل ہے۔
۔سفیر نے کہا کہ تمام فریقین کو سوڈان کے مجموعی قومی مفادات اور عوام کی طویل مدتی بھلائی کو ترجیح دینی چاہئے اور فوری طور پر جنگ بندی یقینی بنانی چاہئے، بیرونی قوتیں فوجی امداد فراہم کرنا بند کریں، تنازع کو بھڑکانے سے گریز کریں اور بحران سے فائدہ نہ اٹھائیں۔