خلاصہ
- ماسکو (شاہد گھمن سے) روسی صدر ولادیمیر پوتن نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کو ایک تعزیتی پیغام ارسال کرتے ہوئے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اور ان کے اہلِ خانہ کے مبینہ قتل پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
روسی ایوانِ صدر (کریملن) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر پوتن نے اس واقعے کو انسانی اخلاقیات اور بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام نہایت افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔
اُن کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ آیت اللہ علی خامنہ ای کو روس میں ایک مدبر رہنما کے طور پر یاد رکھا جائے گا جنہوں نے روس اور ایران کے درمیان دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے اور انہیں جامع سٹریٹجک شراکت داری کی سطح تک لے جانے میں اہم ذاتی کردار ادا کیا۔
روسی صدر نے ایرانی ہم منصب سے درخواست کی کہ وہ سپریم لیڈر کے اہلِ خانہ، ایرانی حکومت اور عوام تک روسی قیادت کی جانب سے دلی ہمدردی اور مکمل حمایت کا پیغام پہنچائیں۔
واضح رہے کہ اس مبینہ واقعے کے بعد خطے میں کشیدگی میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جب کہ عالمی برادری کی جانب سے ممکنہ ردِعمل پر بھی گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔