امارات نے ایران کی جانب سے عمان پر حملے کو کشیدگی میں خطرناک اضافہ قرار دے دیا

امارات نے ایران کی جانب سے عمان پر حملے کو کشیدگی میں خطرناک اضافہ قرار دے دیا

وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایسے اقدامات نہ صرف خلیجی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں بلکہ علاقائی استحکام کو بھی شدید نقصان پہنچا سکتے ہیں، امارات نے زور دیا کہ خودمختار ریاستوں کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت ناقابلِ قبول ہے۔

سرکاری بیان میں مزید کہا گیا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی عالمی تجارت، توانائی سپلائی اور سمندری راستوں کی سلامتی پر بھی اثر ڈال سکتی ہے، خلیج عمان اور آبنائے ہرمز عالمی توانائی ترسیل کے لیے انتہائی اہم گزرگاہیں سمجھی جاتی ہیں، جہاں کسی بھی قسم کی عسکری کشیدگی عالمی منڈیوں میں عدم استحکام پیدا کر سکتی ہے، امارات نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر کشیدگی کم کرنے کے لیے مؤثر سفارتی اقدامات کیے جائیں۔

متحدہ عرب امارات نے اس موقع پر تمام فریقین سے تحمل، مکالمے اور بین الاقوامی قوانین کے احترام کی اپیل کی۔ حکام کے مطابق علاقائی تنازعات کا حل صرف سفارتی ذرائع سے ممکن ہے، اور کسی بھی عسکری کارروائی سے صورتحال مزید پیچیدہ ہو سکتی ہے، اس پیش رفت کے بعد خلیجی خطے میں سلامتی کے اقدامات سخت کیے جانے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر کشیدگی برقرار رہی تو اس کے اثرات تجارت، تیل کی قیمتوں اور فضائی و بحری نقل و حمل پر پڑ سکتے ہیں۔ اماراتی حکام نے واضح کیا ہے کہ وہ خطے میں امن، استحکام اور باہمی احترام کے اصولوں کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھیں گے۔