خلاصہ
- ابوظہبی: (سید مدثر خوشنود) خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے وزرائے خارجہ نے ایران کی جانب سے حالیہ میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد ہنگامی سطح پر مشاورت کرتے ہوئے سخت مشترکہ بیان جاری کیا ہے۔
اعلامیے میں ان کارروائیوں کی واضح الفاظ میں مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ رکن ممالک اپنی قومی سلامتی، خودمختاری اور شہریوں کے تحفظ کے لیے مناسب اور متناسب جواب دینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
بیان کے مطابق جی سی سی ریاستیں کسی بھی ایسے اقدام کو برداشت نہیں کریں گی جو خطے کے استحکام کو خطرے میں ڈالے، وزرائے خارجہ نے دفاعی ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے اور مشترکہ سکیورٹی فریم ورک کو فعال رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اعلامیے میں بین الاقوامی قوانین کے احترام کے ساتھ ساتھ علاقائی سلامتی کو اولین ترجیح قرار دیا گیا۔
متحدہ عرب امارات سمیت رکن ممالک نے واضح کیا کہ دفاعی تیاری اور سفارتی رابطے بیک وقت جاری رکھے جائیں گے، حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سکیورٹی اپڈیٹس کے لیے صرف سرکاری ذرائع پر انحصار کریں اور غیر مصدقہ اطلاعات سے گریز کریں۔ متعلقہ ادارے صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔
سرکاری مؤقف کے مطابق آئندہ دنوں میں مزید سفارتی و دفاعی رابطوں کا امکان ہے، جبکہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششیں بھی جاری رہیں گی، جی سی سی کا کہنا ہے کہ اتحاد کی سطح پر مشترکہ ردِعمل کی حکمتِ عملی تیار ہے اور سلامتی کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔