سعودی حدود حملے کیلئے استعمال نہ کرنے دینے کے عزم پر شکرگزار ہیں: ایران

سعودی حدود حملے کیلئے استعمال نہ کرنے دینے کے عزم پر شکرگزار ہیں: ایران

ایران نے سعودی عرب کی جانب سے اس کے خلاف اپنی سرزمین استعمال نہ کرنے کے اعلان پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کر دیا۔

سعودی عرب میں ایرانی سفیر علی رضا عنایتی نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے ایران کے خلاف اپنی فضائی، بحری اور علاقائی حدود استعمال نہ کرنے کا اعلان کیا ہے جس پر ایران سعودی عرب کا شکر گزار ہے۔

علی رضا عنایتی نے صاف صاف کہا ہے کہ ایران نے سعودی عرب میں امریکی سفارتخانے پر حملہ نہیں کیا، ایران نے سعودی آئل ریفائنری کو بھی نشانہ نہیں بنایا۔

ایرانی سفیر نے کہا ہے کہ تہران جب کسی جگہ جوابی حملہ کرتا ہے تو ذمہ داری بھی لیتا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب نے ایران امریکا کشیدگی میں کمی کے لیے سفارتی کوشش کی تھی، گزشتہ روز سعودی عرب کے سابق انٹیلی جنس چیف شہزادہ ترکی الفیصل نے کہا تھا کہ نیتن یاہو نے امریکا کے 7 دورے کر کے ٹرمپ کو جنگ کے لیے قائل کیا کہ وہ ان کی رائے کی حمایت کریں۔

شہزادہ ترکی الفیصل نے کہا کہ یہ نیتن یاہو کی جنگ ہے، نیتن یاہو چاہتا ہے کہ وہ بلا روک ٹوک جو چاہے کر سکے۔

دوسری طرف سعودی عرب نے کہا ہے کہ ایران نے میزائل برسائے ہیں اور سعودی عرب دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔