اسرائیل کو امریکی اسلحے پر انحصار ختم کرنا ہوگا: نیتن یاہو

اسرائیل کو امریکی اسلحے پر انحصار ختم کرنا ہوگا: نیتن یاہو

اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے جاری کی گئی ایک ویڈیو کے مطابق نیتن یاہو نے گزشتہ ہفتے فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے امریکی دوستوں کی جانب سے ملنے والی حمایت کو بہت سراہتا ہوں، لیکن ہمیں دوسروں پر انحصار سے آزاد ہونا ہوگا اور اپنا خودمختار اسلحہ سازی کا نظام قائم کرنا ہوگا۔

نیتن یاہو کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیل کو جنوبی لبنان میں اپنی فوجی کارروائیوں کے حوالے سے امریکا کی جانب سے بڑھتے ہوئے دباؤ کا سامنا ہے۔

رپورٹ کے مطابق واشنگٹن اسرائیل سے مطالبہ کر رہا ہے کہ وہ جنوبی لبنان میں حملوں کو محدود کرے اور کشیدگی میں مزید اضافے سے گریز کرے۔

اسرائیل اور لبنان کے درمیان سرحدی علاقوں میں کشیدگی مسلسل برقرار ہے، جبکہ اسرائیلی فوج جنوبی لبنان کے بعض علاقوں میں موجود ہے۔

نیتن یاہو نے اس حوالے سے اپنے مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فوج جنوبی لبنان میں اپنی موجودگی برقرار رکھے گی اور حزب اللہ کے انفراسٹرکچر کو تباہ کرنے کا عمل جاری رکھے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم جنوبی لبنان میں اپنی پوزیشن برقرار رکھیں گے اور حزب اللہ کے بنیادی ڈھانچے کو ختم کریں گے۔