امریکی دباؤ کی وجہ سے عمان کے ساتھ آبنائے ہرمز پر معاہدہ نہیں ہو سکا: اسماعیل بقائی

امریکی دباؤ کی وجہ سے عمان کے ساتھ آبنائے ہرمز پر معاہدہ نہیں ہو سکا: اسماعیل بقائی

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکا نے اسلام آباد میمورنڈم کی خلاف ورزیاں کیں، امریکا کے خلاف جوابی کارروائیاں ایران کا جائز حق ہے، امریکا مفاہمتی یادداشت میں واضح کی گئیں اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہا۔

اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران آبنائے ہرمز کے معاملے پر عمان کے ساتھ مشترکہ طریقہ کار تشکیل دینے کی کوشش کر رہا ہے، امریکا کا عمان پر دباؤ اس عمل میں رکاوٹ بن رہا ہے، ایران نے کبھی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی نہیں کی۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ اب اس بات میں شک کی گنجائش نہیں رہی کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت ختم ہو گئی ہے، اگر امریکا اسلام آباد ایم او یو پر عمل نہیں کرتا تو ایران بھی اپنے وعدوں پر عمل نہیں کرے گا، باہمی معاہدوں پر عمل دونوں فریقوں کی یکساں ذمہ داری ہے۔

اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران خطے کو کشیدگی سے بچانے کے لیے پاکستان، قطر اور عمان کے ساتھ رابطے میں ہے۔

قبل ازیں  اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی جانب سے ایران اور امریکہ سے ایک دوسرے پر فوجی حملے بند کرنے کی اپیل کے بعد ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران نے کہیں بھی حملہ نہیں کیا۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ خلیج فارس کے جنوبی ساحل پر واقع امریکی فوجی اڈوں اور اثاثوں کے خلاف ایران کی کارروائیاں بین الاقوامی قانون کے تحت اپنے حقِ دفاع کا استعمال ہیں۔

بقائی نے کہا کہ آپ کو ان ممالک سے پوچھنا چاہئے جو اپنی سرزمین اور اڈے امریکا کو فراہم کرتے ہیں، بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزیوں پر جوابدہ ٹھہرانے کے بجائے ایران کو اپنے دفاع کے لیے موردِ الزام ٹھہرانا غیر ذمہ دارانہ ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان کو طنزیہ انداز میں خلیج فارس کے نام سے متعلق سرکاری دستاویزات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ درست نام خلیج فارس ہے، براہِ کرم اقوام متحدہ کی متعلقہ ہدایات پر عمل کریں جن کے مطابق مکمل نام خلیج فارس کا استعمال لازمی ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے اپنے بیان میں خلیجی خطے کہا تھا۔