خلاصہ
- واشنگٹن :(دنیا نیوز) امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے اردن میں ایران کے بیلسٹک میزائل حملوں میں اپنے 2 فوجیوں کی ہلاکت اور متعدد کے زخمی ہونےکا اعتراف کیا ہے۔
سینٹ کام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ 17 جولائی کو اردن میں امریکی سینٹرل کمانڈ اور اس کے اتحادی دستے ایرانی بیلسٹک میزائلوں اور ڈرون حملوں کے خلاف دفاع کر رہے تھے کہ اس دوران 2 امریکی فوجی ہلاک ہوگئے، جب کہ ایک امریکی فوجی تاحال لاپتا ہے۔
دوسری جانب سینٹ کام نے بتایا کہ 4 امریکی فوجیوں کو طبی امداد کے لیے اردن کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا تھا، تاہم انہیں علاج کے بعد فارغ کر دیا گیا جب کہ معمولی زخمی ہونے والے دیگر اہلکاروں کا بھی معائنہ کیا گیا اور وہ دوبارہ اپنی ذمہ داریاں سنبھال چکے ہیں۔
اِسی طرح سینٹ کام کا کہنا تھا کہ ہلاک امریکی فوجیوں کے اہلِ خانہ کو باضابہ طور پر اطلاع کے 24 گھنٹے بعد فوجیوں کی شناخت ظاہرکی جائے گی۔
خیال رہےکہ گزشتہ روز ایرانی پاسداران انقلاب نے اردن میں امریکا کی الازرق ایئر بیس کو نشانہ بنانےکا اعلان کیا تھا۔
علاوہ ازیں پاسداران انقلاب کا کہنا تھا کہ اردن میں الازرق ایئربیس کو میزائل اور ڈرونز سے نشانہ بنایا، حملے میں بیس پر 2 فائٹر جیٹس اور 3 امریکی طیارے تباہ کیے جب کہ بیس پر فائٹر جیٹ شیلٹرز، پارکنگ ریمپ کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
مزید برآں روسی میڈیا کا کہنا تھا کہ اس حملے سے پہلے امریکی فوجیوں کا انخلا نہیں کرایا گیا تھا۔