خلاصہ
- دمشق: (دنیا نیوز) شام کے دارالحکومت دمشق کے جنوب میں اسرائیلی ڈرون حملے کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔
شامی وزارت خارجہ نے اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
وزارت خارجہ کے مطابق اسرائیلی کارروائی بین الاقوامی قانون کی بھی خلاف ورزی ہے، ڈرون حملے کا مقام دمشق کے جنوب میں اسرائیل کے زیر قبضہ گولان کی پہاڑیوں کے قریب واقع ہے۔
خیال رہے کہ گولان کی پہاڑیاں شام کا علاقہ ہیں جس پر اسرائیل نے 1967ء کی عرب اسرائیل جنگ کے دوران قبضہ کیا تھا، اسرائیل نے 1981ء میں گولان کو یکطرفہ طور پر اپنے ساتھ ضم کرنے کا اعلان کیا، تاہم اقوام متحدہ اور بیشتر عالمی برادری اس اقدام کو تسلیم نہیں کرتی۔
شام اور اسرائیل کے درمیان طویل عرصے سے کشیدگی برقرار ہے، جبکہ اسرائیل شام میں ایرانی حمایت یافتہ گروہوں اور اسلحے کی منتقلی کے خلاف کارروائیوں کا مؤقف اختیار کرتا رہا ہے۔
حالیہ حملے پر شامی حکومت نے اسرائیل سے ایسی کارروائیاں فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شام کی سرزمین پر فوجی کارروائیاں خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتی ہیں۔