خلاصہ
- بشکیک: (دنیا نیوز) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ امریکا اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر عمل کرے تو ایران بھی تیار ہے۔
رائٹرز نے ایران کی خبر ایجنسی ایسنا کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ اگر امریکہ جون میں طے پانے والے عبوری معاہدے کے تحت اپنے وعدوں کی پاسداری کرتا ہے تو ایران فوری طور پر اس کا مثبت جواب دے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان طے پانے والی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر امریکی صدر کے دستخط موجود تھے، تاہم اس دستاویز سے امریکہ کی وابستگی دو ہفتوں سے بھی کم عرصے تک برقرار رہی۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف سے شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی، شہباز شریف نے یقین دلایا کہ مکہ معاہدہ دفاعی نوعیت کا ہے، کسی ملک کے خلاف نہیں، معاہدے کا مقصد امن اور سلامتی یقینی بنانا ہے۔
ایرانی صدر نے ثالثی کے عمل میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلم ممالک متحد ہوں تو اسرائیل آسانی سے حملہ آور نہیں ہوگا، مسلم ممالک باہمی ڈائیلاگ اور تعاون سے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
مسعود پزشکیان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کا معاہدہ مسلم دنیا میں اتحاد مضبوط کرنے کی جانب قدم ہے، دیگر علاقائی و مسلم ممالک بھی شامل ہو کر مختلف میدانوں میں تعاون بڑھائیں گے۔