خلاصہ
- بیروت: (ویب ڈیسک) لبنان کی وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیلی فضائی حملوں میں 4 افراد جاں بحق اور کم از کم 20 زخمی ہو گئے ہیں۔
اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ اس نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، یہ کارروائی اسرائیلی اہلکاروں پر دو ڈرون حملوں کے جواب میں کی گئی۔
لبنانی وزارتِ صحت کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں دو افراد جنوبی لبنان کے علاقے نباتیہ الفوقہ میں جبکہ دو خواتین عرب سلیم کے قریب جان کی بازی ہار گئیں۔ وزارت نے بتایا کہ زخمیوں میں متعدد خواتین اور تین بچے بھی شامل ہیں۔
اس سے قبل اسرائیلی فوج نے عرب سلیم میں ایک عمارت کے اطراف رہنے والے شہریوں کو علاقہ خالی کرنے کی وارننگ دی تھی کہ حزب اللہ اس عمارت کو استعمال کر رہی ہے اور اسے نشانہ بنایا جائے گا۔
لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے انتباہ میں ذکر کی گئی عمارت کے بجائے ایک دوسرے گھر کو نشانہ بنایا اور تباہ کر دیا، جس کے نتیجے میں دو خواتین جاں بحق ہوئیں، بعد میں اس عمارت پر بھی حملہ کیا گیا جسے خالی کرنے کی وارننگ دی گئی تھی۔
لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے مزید بتایا کہ نباتیہ میں واقع غنڈور ہسپتال کے ایک حصے کو بھی نشانہ بنایا گیا، یہ ہسپتال کئی برسوں سے فعال نہیں تھا۔
ادھر نباتیہ شہر میں ہونے والے ایک شدید فضائی حملے میں ایک تاریخی عمارت کو نقصان پہنچا، جبکہ سرکاری مالیاتی اور زرعی اداروں کے دفاتر بھی متاثر ہوئے۔