نارفولک ساحل پر کوڑا پھینکنے پر 500 پاؤنڈ تک جرمانے کی تجویز

نارفولک ساحل پر کوڑا پھینکنے پر 500 پاؤنڈ تک جرمانے کی تجویز

برطانوی میڈیا کے مطابق فلائی ٹِپنگ کے خلاف جرمانے میں بھی اضافہ کیا جا سکتا ہے، جس کی موجودہ حد 300 پاؤنڈ سے بڑھا کر ایک ہزار پاؤنڈ تک کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔

کونسل کی کابینہ کے ایک رکن نے کہا کہ کمیونٹیز میں کوڑا کرکٹ پھینکے جانے کے حوالے سے مایوسی پائی جاتی ہے، امید ہے کہ بھاری جرمانے لوگوں کو ایسے جرائم کرنے سے پہلے دو بار سوچنے پر مجبور کریں گے۔

نارتھ نارفولک میں کرومر، شیرنگھم اور ویسٹ رنٹن سمیت تقریباً 45 میل طویل ساحل موجود ہیں، جو ملک بھر سے سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرتے ہیں۔

کونسل کے ترجمان کے مطابق قانونی حد کے اندر مقررہ جرمانوں میں اضافہ کوڑا کرکٹ اور فلائی ٹِپنگ کے خلاف مضبوط پیغام دے گا اور ماحولیاتی فضلے سے متعلق جرائم کی روک تھام میں مددگار ثابت ہوگا۔

ترجمان نے مجوزہ اضافے کو متناسب قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کوڑے سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں آگاہی بڑھانے کی وسیع مہم کا بھی حصہ ہے۔