کیف پر روسی ڈرون حملوں میں 3 بچوں سمیت 4 افراد ہلاک

کیف پر روسی ڈرون حملوں میں 3 بچوں سمیت 4 افراد ہلاک

کیف کے علاقائی حکام کے مطابق حملے رات بھر جاری رہے جبکہ دن کے دوران بھی دارالحکومت اور آس پاس کے علاقوں میں ڈرون حملے ہوتے رہے۔
یوکرین کی ایمرجنسی سروس کے مطابق کیف کے علاقے میں ایک روسی ڈرون نے گھر کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک ماں اور اس کے 3 سالہ جڑواں بچوں کی موت ہو گئی۔

علاقائی گورنر نے بتایا کہ ایک اور علاقے میں ڈرون حملے کے نتیجے میں زخمی ہونے والی ایک بچی نے اسپتال میں دم توڑ دیا، کیف کے میئر نے دارالحکومت میں ایک شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع دی۔

حکام کے مطابق ڈرونز کے ملبے کے ٹکڑے شہر کے مختلف علاقوں میں گرے، جس سے مختلف مقامات پر نقصان بھی پہنچا، کیف کے جنوب مغربی علاقے فاسٹیو میں سب سے زیادہ نقصان ہوا، علاقے میں 24 سے زائد مقامات کو نشانہ بنایا گیا، جن میں رہائشی مکانات، صنعتی اور یوٹیلیٹی عمارتیں، ایک زرعی ادارے کا علاقہ اور متعدد گاڑیاں شامل ہیں۔

یوکرین کے شمالی شہر سومی میں بھی روسی فورسز نے ایک رہائشی عمارت کے قریب علاقے کو نشانہ بنایا، حملے میں ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوا۔