خلاصہ
- تہران: (دنیا نیوز) ایران کے صدر مسعود پزشکیان جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک روانہ ہو گئے۔
امریکا روانگی سے قبل مسعود پزشکیان نے کہا کہ عالمی فورم پر ایران کا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کروں گا، ایرانی عوام کو درپیش مشکلات اور مخالفین کے جرائم سے دنیا کو آگاہ کریں گے، جنرل اسمبلی کا اجلاس ایران کا پیغام عالمی برادری تک پہنچانے کا اہم موقع ہے۔
ادھر نیویارک پہنچ کر ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ ایران اب بھی حالت جنگ میں ہے، جنگ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال برقرار ہے۔
عباس عراقچی نے کہا کہ مغربی اور یورپی ممالک فلسطین، غزہ، لبنان اور ایران معاملے پر خاموش رہے، مغرب ایران میں کسی ایک شخص کو مسئلہ درپیش ہونے پر انسانی حقوق کا شور مچاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ عالمی امن اور سلامتی برقرار رکھنے میں ناکام رہی، اقوام متحدہ پر اعتماد ختم ہوچکا،بحالی ناگزیر ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے بتایا کہ صدر مسعود پزشکیان جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، متعدد ممالک کے سربراہوں کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ صدر پزشکیان نیویارک میں مختلف میڈیا اداروں کو انٹرویوز بھی دیں گے، ایران کا بنیادی مقصد عالمی پلیٹ فارم پر ایرانی عوام کے حقوق، مفادات اور مؤقف کا دفاع کرنا ہے۔