خلاصہ
- بغداد: (ویب ڈیسک) عراقی حکومت نے ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت بغداد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر واقع امریکی سفارت خانے کے سفارتی معاونتی مرکز کا انتظام سنبھال لے گا۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ بات عراق کی وزارتِ خارجہ نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہی، وزارتِ خارجہ کے ہیڈکوارٹرز میں عراقی نائب وزیر خارجہ محمد حسین بحر العلوم اور عراق میں امریکی سفارت خانے کے ناظم الامور سٹیون فگن نےمعاہدے پر دستخط کئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ منتقلی عراقی حکومت کی ان کوششوں کا حصہ ہے جن کا مقصد امریکا کی قیادت میں قائم بین الاقوامی اتحاد کے خاتمے اور عراق میں غیر ملکی فوجی موجودگی کے اختتام سے متعلق کارروائیاں مکمل کرنا ہے، اس کے لیے رواں سال 30 ستمبر تک کی مدت طے ہے۔
عراقی نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے تعلقات بالخصوص اقتصادی، ترقیاتی اور توانائی کے شعبوں میں شراکت داری کے ایک نئے مرحلےمیں منتقل کرنے کے لئے اہم ہے۔
وزیرِاعظم عراق علی الزیدی نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ملک میں امریکا کی قیادت میں قائم اتحاد کے فوجی مشن کے خاتمے اور اس کے فوجیوں کے انخلا کی تکمیل کی حتمی تاریخ 30 ستمبر ہے۔
انہوں نے کہا کہ یکم اکتوبر عراق کے لیے نئے دور کا آغاز ہوگا جب ملک غیر ملکی فوجی موجودگی سے آزاد ہو جائے گا اور اپنی سرزمین پر مکمل قومی خودمختاری استعمال کرے گا۔