صومالیہ میں ہائی جیک جہاز کیلئے آپریشن، قزاقوں کی فائرنگ سے 3 پاکستانیوں سمیت 5 جاں بحق

صومالیہ میں ہائی جیک جہاز کیلئے آپریشن، قزاقوں کی فائرنگ سے 3 پاکستانیوں سمیت 5 جاں بحق

سیکنڈ انجینئر حسین یوسف کی ایک فلاحی ادارے کی چیئرپرسن سے گفتگو میں واقعے کی تفصیلات سامنے آئی ہیں، ہلاک ہونے والے پاکستانیوں میں سیکنڈ آفیسر کاشف عمر، تھرڈ انجینئر محمود انصاری اور آئلر رفیع اللہ خان شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے دیگر دو افراد میں بھارتی کریو ممبر تنویر اور میانمار کا چیف انجینئر شامل ہیں، جبکہ جہاز کے عملے میں بھارتی، میانمار، انڈونیشین اور 10 پاکستانی شہری شامل تھے۔

سیکنڈ انجینئر حسین یوسف کے مطابق سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران فورتھ انجینئر عثمان، عقیل، امین اور ایک انڈونیشین کریو ممبر زخمی ہوئے ہیں۔ زخمی افراد کی حالت خراب ہے اور انہیں فوری طبی امداد کی ضرورت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کارروائی کے دوران جہاز کا اسٹیئرنگ بھی خراب ہوگیا ہے، جس کے باعث جہاز کو دوسرے بحری جہاز کے ساتھ باندھ کر بوساسو کی جانب لے جایا جارہا ہے۔ جہاز کو بندرگاہ تک پہنچنے میں تقریباً تین دن لگ سکتے ہیں۔

حسین یوسف نے فوری مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ زخمی کریو ممبرز کی حالت تشویشناک ہے، اس لیے ہیلی کاپٹر بھیجے جائیں تاکہ انہیں بروقت طبی امداد فراہم کی جاسکے۔

واضح رہے کہ بحری جہاز آنر 25 کو 21 اپریل 2026 کو صومالی قزاقوں نے ہائی جیک کیا تھا، جسے بازیاب کرانے کے لیے صومالی سکیورٹی فورسز نے کارروائی کی۔