خلاصہ
- تہران: (دنیا نیوز) ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ میناب سکول حملے پر امریکا کے خلاف قانونی کارروائیوں میں غیر ملکی وکلا بھی شامل ہونے لگے ہیں، جبکہ یورپ اور امریکا کے وکلا واشنگٹن کے خلاف مقدمات دائر کرنے کے لیے رضاکارانہ طور پر آگے آ رہے ہیں۔
ایک انٹرویو میں کاظم غریب آبادی نے کہا کہ متعدد غیر ملکی قانونی ٹیموں نے میناب سکول حملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں، جبکہ اس واقعے پر امریکا کے خلاف متعلقہ ممالک کی عدالتوں میں مقدمات بھی دائر کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میناب اسکول سانحے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے مختلف عدالتوں میں مزید مقدمات دائر کیے جانے چاہییں۔ ایران اس مقصد کے لیے قانونی کارروائی کرنے والے غیر ملکی وکلا کو شواہد فراہم کرنے کے لیے بھی تیار ہے۔
ایرانی نائب وزیر خارجہ نے دعویٰ کیا کہ میناب اسکول پر امریکی حملے میں طلبہ، اساتذہ اور والدین سمیت 168 افراد شہید ہوئے۔ ان کے مطابق یہ حملہ ایران کے خلاف امریکی جارحیت کے پہلے روز کیا گیا۔
کاظم غریب آبادی نے کہا کہ بچوں سے بھرے اسکول کو نشانہ بنانا انسانیت کے خلاف واضح جنگی جرم ہے اور امریکا کو اس سانحے کا جواب دہ ٹھہرانا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ میناب اسکول سانحے کے حوالے سے ایرانی عدلیہ نے باضابطہ فردِ جرم جاری کردی ہے، جبکہ ایران امریکا کے خلاف غیر ملکی عدالتوں میں مزید مقدمات دائر کرنے کی تیاری بھی کر رہا ہے۔