خلاصہ
- صنعا: (دنیا نیوز) یمن کے حوثی گروپ نے مدینہ منورہ کے علاقے کی جانب میزائل داغنے کی تردید کرتے ہوئے سعودی عرب کے دعوے کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حوثیوں کا یہ بیان سعودی عرب کی جانب سے مدینہ منورہ کے علاقے کی طرف آنے والے ایک کروز میزائل کو روک کر تباہ کرنے کے دعوے کے کچھ ہی دیر بعد سامنے آیا۔
حوثی فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ یمنی مسلح افواج نے آج سعودی سرزمین کو نشانہ بنانے کے لیے کوئی کارروائی نہیں کی، انہوں نے مدینہ منورہ پر حملے سے متعلق سعودی دعوے کو ’’کھلا اور بے شرمانہ جھوٹ‘‘ قرار دیا۔
اس سے قبل سعودی قیادت میں یمن میں سرگرم اتحادی فوج کے ترجمان ترکی المالکی نے دعویٰ کیا تھا کہ اتحادی فورسز نے مدینہ منورہ کے علاقے میں ایک کروز میزائل کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی روک کر تباہ کر دیا۔
حوثیوں کی تردید اور سعودی عرب کے دعوے کے بعد واقعے سے متعلق دونوں فریقوں کے مؤقف میں تضاد سامنے آیا ہے، تاہم، میزائل کے ممکنہ ہدف، اسے داغے جانے کے مقام اور واقعے کی اصل صورت حال سے متعلق آزاد ذرائع سے تاحال تصدیق سامنے نہیں آئی۔