امریکا ناکہ بندی اور دھمکیوں کے ساتھ مذاکرات کی توقع نہیں کرسکتا: ایرانی صدر

امریکا ناکہ بندی اور دھمکیوں کے ساتھ مذاکرات کی توقع نہیں کرسکتا: ایرانی صدر

الجزیرہ کے مطابق مسعود پزشکیان نے اپنے بیان میں کہا کہ تمام راستے بند کرکے اور دھمکی آمیز رویہ اختیار کرکے ایران کو مذاکرات پر آمادہ کرنے کی کوشش قابلِ قبول نہیں۔

ایرانی صدر نے کہا کہ امریکا ایک طرف ایران پر دباؤ ڈال رہا ہے اور دوسری جانب مذاکرات کا مطالبہ بھی کررہا ہے، جو متضاد طرزِ عمل ہے۔

پزشکیان نے معاہدوں کی پاسداری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کسی معاہدے میں جلد بازی سے داخل نہیں ہونا چاہیے، تاہم ایک مرتبہ معاہدہ طے پاجائے تو اس پر آخر تک قائم رہنا ضروری ہے، خواہ اس سے کسی فریق کو نقصان ہی کیوں نہ اٹھانا پڑے۔

ایرانی صدر کا یہ بیان تہران اور واشنگٹن کے درمیان جاری کشیدگی اور سفارتی رابطوں کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔

واضح رہے کہ ایرانی قیادت اس سے قبل بھی امریکا کے اقدامات اور معاہدوں سے متعلق اپنے تحفظات کا اظہار کرتی رہی ہے۔ تاہم مسعود پزشکیان نے اپنے اس بیان میں مذاکرات کے کسی نئے دور یا معاہدے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔