خلاصہ
- تل ابیب: (دنیا نیوز) امریکی وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی کامیابی کے بعد اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے سیاسی مخالفین نے ان کے خلاف دباؤ بڑھا دیا۔
سیاسی مخالفین نے کہا نیتن یاہو نے اسرائیل کی امریکا میں دہائیوں پر محیط دو جماعتی حمایت کو نقصان پہنچایا، اسرائیلی اپوزیشن رہنماؤں نے امریکی انتخابی نتائج کو نیتن یاہو کی خارجہ پالیسی کی ناکامی قرار دیتے ہوئے ان کی وزارت عظمیٰ سے علیحدگی کا مطالبہ کیا ہے۔
اسرائیلی اپوزیشن رہنما یائر لاپید نے کہا اسرائیل نیتن یاہو کے مزید وزیراعظم رہنے کا متحمل نہیں ہوسکتا کیونکہ ان کی حکومت ملک کی سلامتی، جمہوریت اور عالمی ساکھ کے لیے خطرہ بن رہی ہے۔
اپوزیشن رہنما گادی آئزن کوٹ نے کہا کہ ان کی قیادت میں اسرائیل امریکا کے ساتھ تعلقات بحال کرے گا اور دونوں ممالک کے درمیان دو جماعتی بنیادوں پر تعاون کو مضبوط بنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ اسرائیل میں گزشتہ ہفتے ہونے والے انتخابات میں نیتن یاہو کا حکومتی اتحاد پارلیمانی اکثریت کھو بیٹھا تھا، تاہم وہ اپنے مرکزی حریف گادی آئزن کوٹ کو حکومت بنانے کا واضح موقع دینے سے روکنے میں کامیاب رہا۔